قلندرز نے پھر گلیڈی ایٹرز کو روند ڈالا -Daily Jang-Latest News-Sports

قلندرز نے ایک بار پھر گلیڈی ایٹرز کو روند ڈالا

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) سیزن5 کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ایک بار پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست سے دور چار کیا اورایونٹ میں مجموعی طور پردوسری فتح اپنے نام کی۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ،قذافی اسٹیڈیم  میں آج قلندرز کے کھلاڑیوں کا دن تھا ، خاص طور پر سمت پٹیل، جنہوں نے شاندار بولنگ کی ۔

سمت پٹیل کی بولنگ کے سامنے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمینوں کی ایک نا چلی ،جنہوں نے 4 اوورز میں 5  رنز کے عوض 4 وکٹ اپنے نام کی اور اس دوران ایک اوور میڈن بھی کرایا ۔

کوئٹہ کی طرف سے  سہیل خان 35 اور زاہد محمود 19 کے سوا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ مزاحمت نہ کرسکا ،یوں قلندرز کو 99 رنز کا آسان ہدف ملا۔

قلندرز کی طرف سے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 27 کے مجموعے پر فخر زمان کی گرگئی ،جو 20رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسری کامیابی 32 کے مجموعے پر مل گئی جبکہ سہیل اختر کو محمد نواز نے سرفراز احمد کی مدد سے میدان بدر کیا ۔

تیسری وکٹ پر محمد حفیظ اور بین ڈنک نے 41گیندوں پر 68رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

محمد حفیظ نے 32گیندوں پر 39 جبکہ بین ڈنک نے 21گیندوں پر 30 رنز بنائے ،شانداربولنگ پر سمت پٹیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 5 میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے دو میچز میں کامیابی جبکہ 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے،اس فتح کے باوجود وہ تاحال آخری پوزیشن پر براجمان ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں 8 میچز کھیلے ہیں ،جن میں سے اسے 3 میں  فتح اور 5 میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا ہےجس کے بعد فہرست میں اس کی پوزیشن 5ویں ہے۔

کراچی اور اسلام آباد 7،7 پوائنٹس کے تیسری اور چوتھی جبکہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے 9،9 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

گلیڈی ایٹرز کی طرف سے جیسن رائے اور شین واٹسن بیٹنگ کے لیے آئے،لیکن میچ کی دوسری ہی گیند پر واٹسن کو شاہین آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی۔

نئے آنے والے بیٹسمین احمد شہزاد 9 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے، اُن کی وکٹ بھی شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

کپتان سرفراز احمد بھی وکٹیں گرنے کے سلسلے کو نہ روک سکے اور صرف ایک رن بناکر سمت پٹیل کو وکٹ تھما بیٹھے، اس کے بعد سمت پٹیل نےجیسن رائے کو 6 ، اعظم خان کو صفر اور اگلی ہی گیند پر بین کٹنگ کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔

محمد نواز 10 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئے، اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 13اعشاریہ2 اوورز میں ففٹی مکمل کی، جو پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے  سست ترین نصف سنچری ہے، اس سے قبل پشاور زلمی نے2017 میں قلندرز ہی کیخلاف 12اعشاریہ5 اوورزمیں50رنز مکمل کئے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آٹھویں وکٹ کا نقصان فواد احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے صرف سہیل خان 32، زاہد محمود 19 اور محمد نواز 13 رنز بناکر ڈبل فیگر میں پہنچ سکے، یوں گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کے سمت پٹیل نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور راجہ فرزان نے دو، دو جبکہ سلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا

اس سے پہلے لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز نے ایک تبدیلی کی، کرس لین کی جگہ ڈین ویلاس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اہم میچ ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید



اس بارے میں admin

یہ بھی دیکھیں

ون ڈے رینکنگ، بابر ٹاپ 3 بلے بازوں میں شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ میں بلے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *