ایران کا اسرائیل پر محدود اور ٹارگٹڈ حملہ

ایران نے اسرائیل پر 200 سے زائد ڈرونز اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

بریکنگ نیوز (خلیج اردو – خلیج ٹائمز)

ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے اسرائیل میں مخصوص مقامات کو نشانہ بنانے والے درجنوں ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 200 سے زائد ڈرونز اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ اسرائیل نے امریکہ اور اردن کی مدد سے کئی ایرانی میزائلوں کو مار گرایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر وسیع پیمانے پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 200 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل داغے ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی سطح سے زمین پر مار کرنے والے درجنوں میزائلوں میں سے کچھ اسرائیل کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے میں ایک لڑکی زخمی ہوئی جبکہ جنوب میں ایک فوجی تنصیب کو معمولی نقصان پہنچا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق خطرات ابھی کم نہیں ہوئے، فورسز خطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں خوف کی فضا ہے جب کہ تمام اسکول اور تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

ایران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی اڈوں کو ایران کے حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

ایران کا کہنا ہے کہ معاملہ اب بند سمجھا جا سکتا ہے

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارتی کمپاؤنڈ پر اسرائیلی حملے کے جواب میں کی گئی، اس معاملے پر اب غور کیا جاسکتا ہے۔

ایرانی مشن نے یہ بھی کہا کہ اگر اسرائیلی حکومت نے ایک اور غلطی کی تو ایران کا ردعمل زیادہ سخت ہوگا۔ ایرانی مشن نے مزید کہا کہ یہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع ہے اور امریکا کو اس سے دور رہنا چاہیے۔

ایران کے وزیر دفاع نے ایک بیان جاری کر کے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ان میں سے جو بھی ڈرون طیاروں کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اسرائیل کے 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، خیبر میزائل سے اسرائیلی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل ہر صورت حال کے لیے تیار ہے: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون فائرنگ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل کسی بھی صورت حال کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اسرائیلی جنگی کابینہ کا اجلاس فوجی ہیڈ کوارٹر میں بلایا ہے۔

ایران، اسرائیل کشیدگی

واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

الجزیرہ انگلش کے مطابق اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔ سفارت خانے پر حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کو جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

You might also like
Leave a Reply

Your Email address will not be published