(ویب ڈیسک)سندھ فلمز ڈیپارٹمنٹ کے بینر تلے بننے والی پاکستانی فلم’’کالا پانی‘‘ نے ریلیز سے قبل ہی بین الاقوامی سطح پرپذیرائی حاصل کرلی۔
فلم کو کانز فلم فیسٹیول، اسٹاک برج فلم فیسٹیول اور ساؤتھ فلم اینڈ آرٹ اکیڈمی فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیاگیا جہاں اسے بین الاقوامی ناظرین تک پہنچنے کا موقع ملا،فلم کے پروڈیوسر نعمان النبی جبکہ ہدایتکار رانا کامران ہیں، فلم کی کاسٹ میں مرزا گوہر رشید، حرا مانی، عمر عالم، سلیم معراج، ثاقب سمیر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’’کالا پانی‘‘ کی کہانی ایک قیدی کے گرد گھومتی ہے،اس میں ڈرامے کے ساتھ ایکشن اور سسپنس کا تڑکا بھی دیکھنے کو ملےگا۔
فلم کے ہدایتکار رانا کامران کاکہناہے کہ فلم میں کئی کردار نظر آئیں گے، تاہم یہ محض ایک فلم نہیں بلکہ خود بھی ایک کردار کی طرح محسوس ہوتی ہے، فلم کی کہانی بدلے کے جذبے میں گندھی ہوئی ہے اور اس میں ایسے عناصر شامل ہیں جو نیٹ فلکس، پرائم ویڈیو یا دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا کانٹینٹ دیکھنے والے ناظرین کو پسند آسکتے ہیں۔
راناکامران نے واضح کیا کہ’ ’کالا پانی‘‘ کو روایتی کمرشل فلم کے طور پر پیش نہیں کیا جارہا بلکہ اس کی کہانی اور انداز اسے ایک مختلف نوعیت کی فلم بناتے ہیں،فلم کی شوٹنگ رواں سال مئی میں مکمل کی گئی، جبکہ اس کے مختلف مناظر کراچی کے مختلف علاقوں میں فلمائے گئے ہیں۔
’’کالا پانی‘‘ کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے، تاہم حتمی ریلیز تاریخ کا اعلان سندھ فلمز کی جانب سے کیا جائے گا،رواںسال نومبر میں فلم کی ریلیز کے امکانات زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایکشن ،کامیڈی فلم ’’مینگو جٹ‘‘کارنگارنگ پریمیئر،شوبزستاروں کی کہکشاں امڈآئی
رانا کامران اس سے قبل دیمک، نابالغ افراد، لوڈ ویڈنگ،وی آئی پی،جن محل اورنامعلوم افراد سمیت مختلف فلموں میں بطور ڈی او پی خدمات انجام دے چکے ہیں۔