(24نیوز) ایکشن اورکامیڈی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ سینمائوں کی زینت بن گئی۔
حریم فاروق کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کا رنگارنگ پریمیئر لاہور کے مقامی سینما میں منعقد ہوا جس میں فلم کی کاسٹ کے ساتھ ساتھ شوبز کے نمایاں ستاروں نے بھی شرکت کی،فلم میں پنجابی ثقافت، کامیڈی، ایکشن اور رومانس کو منفرد انداز میں یکجا کیا گیا ہے۔
پریمیئرمیں فلم کی پروڈیوسر اورمرکزی اداکارہ حریم فاروق ،مینگوجٹ کا کردارکرنے والے معروف اداکار فیصل قریشی،فواد خان،وہاج علی،اداکار قیصر پیا،شاہد خان،محمدعلی،نیئراعجاز،شاہدمحمود ندیم،راشد خواجہ،اسلم حسن،رابعہ حسن ،اظہر رنگیلا،گلوکار نعمان جاوید سمیت فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات،میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔
حریم فاروق کے پروڈکشن ہاؤس حمیم پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں حریم فاروق ، فیصل قریشی، شمعون عباسی، قیصرپیا،شاہدخان،ہنی البیلا،اظہررنگیلا،حسن مراد،نواز انجم،عائشہ جہانزیب اوردیگر شامل ہیں۔
پریمیئر کے موقع پر ریڈ کارپٹ پر فنکاروں اور مہمانوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلم کے منفرد انداز اور تفریحی پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
فلم کی پروڈیوسر اور مرکزی اداکارہ حریم فاروق کااس موقع پر کہنا تھا کہ ’’مینگو جٹ‘‘ میں پنجابی ثقافت، مزاح، ایکشن اور رومانس کو ایک منفرد انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کے ساتھ پاکستانی سنیما کے ثقافتی رنگوں کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔
حریم فاروق نےمزید کہاکہ ’’مینگو جٹ‘‘ میرے لیے ناقابل یقین حد تک ذاتی اور اہم فلم ہے، میری پہلی سولو پروڈکشن کے طور پر یہ میرے سفر میں ایک نیا باب ہے، ہم نے اسے بے پناہ محبت اور پنجابی سنیما اور سامعین کی تفریح کرنے کی اس کی صلاحیت پر گہرے یقین کے ساتھ بنایا ہے۔
فلم کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک میں نامور گلوکاروں کی آوازیں شامل ہیں، اس کی موسیقی علی مصطفیٰ اور علی اللہ دتہ نے ترتیب دی ہے جبکہفلم میں فلک شبیر، زیب بنگش، جبار عباس اور دیگر گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف اداکارہ سُکینہ خان نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا
ایکشن، کامیڈی، رومانس اور خاندانی جذبات کا امتزاج لیے ہوئے’’ مینگو جٹ‘‘ کی کہانی مراد جٹ کے گرد گھومتی ہے جو پنجاب پولیس کا ایک افسر ہوتاہے اور منور مرزا(شمعون عباسی) سے اپنی بہن مریم(عائشہ جہانزیب) اور اس کے تین بچوں کی حفاظت کی ذمہ داری اٹھاتا ہے، جب یہ خاندان ایک گاؤں میں پناہ تلاش کرتا ہے تو غیر متوقع رشتے بننے لگتے ہیں جو مراد کی زندگی میں محبت، وفاداری اور خاندان کا ایک نیا احساس لاتے ہیں۔