(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کے بنگلے ’’ جلسہ‘‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں امیتابھ بچن کے جوہو میں واقع بنگلے سمیت میئر کے دفتر اور شترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بم سے اڑانے کی نئی دھمکیاں موصول ہوئیں جس کے فوری بعد ممبئی پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈز سمیت سکیورٹی ٹیموں نے دھمکی آمیز ای میل میں دیے گئے مقامات کی تلاشی لی، تاہم وہاں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دھمکی بھی گزشتہ دنوں موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میل کی ہی ایک کڑی ہے جس کے پیش نظر سکیورٹی ایجنسی مسلسل چوکنا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنانیر مبین نے ماسکو میں بہترین اداکارہ کا عالمی ایوارڈ اپنے نام کر لیا
گزشتہ ماہ بھی ممبئی میئر کے دفتر کو موصول دھمکی آمیز ای میل میں امیتابھ بچن کے بنگلے پر حملے سمیت دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کی سکیورٹی خراب کرنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں،ان مسلسل دھمکیوں کے پیش نظر امیتابھ بچن نے حال ہی میں بلٹ پروف شیشے کے حفاظتی حصار میں رہتے ہوئے مداحوں سے ملاقات کی تھی۔