(ویب ڈیسک)امریکی ریپر سوئے لی بھارت میں ہونے والے چیری بلاسم میوزک فیسٹیول کے دوران اس وقت شدید غصے میں آ گئے جب ایک شخص نے ان کے چہرے پر شراب پھینک دی، جس کے باعث انہیں اپنی پرفارمنس روک کر سیکیورٹی طلب کرنا پڑی،واقعہ ریاست میگھالیہ میں منعقدہ 2 روزہ شیلونگ چیری بلاسم فیسٹیول کے دوران پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریپر اپنے مداحوں سے گفتگو کے بعد 2016ء کے مقبول گانے ’بلیک بیٹلز‘ پر پرفارم کرنے کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان کی جانب شراب اچھال دی، جو ان کے چہرے پر جا لگی۔
مزید پڑھیں:پاکستانی پاپ موسیقی کا ایک اور درخشاں ستارہ بجھ گیا،معروف گلوکار بنی انتقال کر گئے
واقعے پر سوئے لی شدید برہم ہو گئے، انہوں نے فوری طور پر اپنے ڈی جے کو موسیقی بند کرنے کا کہا اور غصے میں پوچھا کہ شراب کس شخص نے پھینکی ہے۔
ریپر نے ذمے دار شخص کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر تم نے دوبارہ میرے چہرے پر شراب پھینکی تو میں تمہیں ماروں گا، اس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو باہر نکالنے کا حکم دیا۔