( ویب ڈیسک )بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد سپر اسٹار سلمان خان بدستور لارنس بشنوئی گینگ کے نشانے پر ہیں۔
60 سالہ سلمان خان 1998ء سے اس بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ کے ساتھ تنازع کا شکار ہیں، ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک بار پھر ان کا نام خبروں میں آ گیا۔
اتوار 19 اکتوبر کو لارنس بشنوئی گینگ نے ممبئی کے علاقے جوہو میں فلم ’ہیرو پنتی‘ کے اداکار پر فائرنگ کی ذمے داری قبول کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گروہ کے نمائندے انیل پنڈت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ایک وائرل پیغام میں کہا گیا ہے کہ میں اور ہرمن سندھو ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی ذمے داری قبول کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:1997ء میں 50 لاکھ سے زائد معاوضہ!سابقہ پاکستانی اداکارہ نے سب کو ہلا دیا
پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار کو پہلے فون کر کے خبردار کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے بات نہیں سمجھی، اس لیے انہیں سخت انداز میں سمجھایا گیا۔
پیغام میں ممبئی فلم انڈسٹری سے وابستہ ان افراد کو بھی دھمکی دی گئی ہے جو گروہ کی بات نہیں مانتے یا سلمان خان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسرے گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد اگر بشنوئی گینگ کا نام استعمال کر کے شہرت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تو انہیں بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
ممبئی کرائم برانچ کے مطابق بشنوئی برادری نے سلمان خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے معافی مانگیں۔