متحدہ عرب امارات ‘ٹور گائیڈ لائسنس’ حاصل کرنے کا طریقہ
متحدہ عرب امارات میں ٹور گائیڈز کی بہت زیادہ مانگ ہے اور اس سال 23,500 آسامیاں آنے کی امید ہے۔
موسم سے قطع نظر متحدہ عرب امارات میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے جو سیروتفریح کے دوران اپنے موبائل فونز پر یادگار لمحات کو محفوظ کرتے ہیں.
یو اے ای کے شاندار ٹیلوں کی بات ہو یا اس کی چمکتی ہوئی فلک بوس عمارتوں کی، سیاحوں کا رش کبھی ختم نہیں ہوتا. چاہے وہ ماہ رمضان ہو یا موسم گرما کے دن، یہاں میلہ لگا ہی رہتا ہے۔
سیاحوں کی آمد کے ساتھ ساتھ ٹور گائیڈز کی مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے. اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق اس سال امارات میں 23 ہزار سے زائد آسامیاں آنے کی امید ہے.
یو اے ای کی مختلف ریاستیں ٹور گائیڈ لائسنس حاصل کرنے اور پیشہ ور ٹور گائیڈ بننے کے خواہشمند افراد کے لیے مختلف کورسز پیش کرتی ہیں۔ مطلوبہ قابلیت سے لے کر کورس کی فیس تک، اس تحریر میں آپ اس پیشے سے متعلق سب کچھ پڑھیں گے.
دبئی میں ٹور گائیڈ لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ کار
دبئی میں ٹور گائیڈ بننے کے خواہشمند افراد کے لیے، حکومت دبئی ایک لائسنسنگ پروگرام پیش کرتی ہے جو مکمل طور پر آن لائن ہے. یہی وجہ ہے کہ درخواست دینے کے خواہشمند افراد کے لیے اس میں بہت سہولت ہے. ٹور گائیڈ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 سال ہے.لائسنسنگ پروگرام انگریزی میں دستیاب ہے.
دبئی میں ٹور گائیڈ لائسنس پروگرام کے لیے درکار کاغذات کی تفصیل:
اسپانسر کی طرف سے "نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ”
دبئی پولیس سے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ
تصدیق شدہ تعلیمی سرٹیفکیٹ ، کم از کم سطح ہائی اسکول کی ڈگری
انگریزی کی مہارت کا سرٹیفکیٹ، لیول 5، اپر انٹرمیڈیٹ، یا اس سے اوپر کی اہلیت کے ساتھ۔
متحدہ عرب امارات میں مصدقہ حفاظتی تربیتی مرکز سے ابتدائی طبی امداد کا سرٹیفکیٹ
ایمریٹس آئی ڈی
سفید پس منظر کے ساتھ پاسپورٹ کے سائز کی تصویر
دبئی میں ٹور گائیڈ لائسنس پروگرام کی لاگت:
انگریزی کورس کی قیمت 7500 اماراتی درہم ہے جو کہ 5 لاکھ 70 ہزار روپے بنتے ہیں.
کورس میں شامل ہونے کے خواہشمند اماراتی شہریوں کے لیے یہ کورس مفت ہے۔
پورے عمل میں ایک کاروباری دن تک کا وقت لگتا ہے۔
دبئی میں ٹور گائیڈ لائسنس پروگرام کا طریقہ کار:
درخواست دہندگان کو پہلے www.tourguidetraining.ae پر ایک اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔
اکاؤنٹ میں بتائی گئی تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر جواب موصول ہو گا. اگر درخواست منظور ہو جائے تو درخواست دہندگان 750 درہم فیس جمع کرائیں گے جو کہ 57 ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے.
طلباء کو ‘دبئی وے’ پروگرام کو مکمل کرنا ہوگا اور آخر میں فائنل ٹیسٹ ہوگا۔
‘دبئی وے’ کا ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد، درخواست دہندگان کو علمی امتحان (MCQ قسم کے سوالات) اور انٹرویو کے لیے 1,520 درہم کی ادائیگی کرنی ہوگی جو کہ 115000 پاکستانی روپے بنتے ہیں.
انٹرویو مکمل کرنے کے بعد، طلباء کو "سکل ڈیویلپمنٹ” کے لیے 5,250 درہم کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ جو کہ 4 لاکھ روپے بنتی ہے.
ادائیگی کے بعد، طالب علموں کو "سکل ڈیویلپمنٹ” پروگرام کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد عملی امتحان لیا جائے گا۔
دونوں امتحان پاس کرنے کے بعد، درخواست دہندگان کو فیڈ بیک فارم بھرنا ہوگا۔ اس فارم کو جمع کروانے کے بعد، طالب علم دو دنوں میں اپنا لائسنس حاصل کر لے گا۔
کم و بیش یہی طریقہ کار دیگر ریاستوں کا بھی ہے جس میں کورس مکمل کرنے کے بعد طلبا ٹور گائیڈ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں.