اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی وباءکے باوجود پاکستانی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اوردسمبر کے مہینے میں یہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ بزنس ریکارڈر کے مطابق دسمبر کے مہینے میں گزشتہ سال اسی ماہ کی نسبت 18.3فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان کی برآمدات 2.357ارب ڈالر رہیں۔ دسمبر 2019ءمیں 1.9993ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔
یہ خوش خبری وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے ایک ٹویٹ کے ذریعے قوم کو سنائی۔ انہوں نے لکھا کہ ”آپ کو یہ بتاتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ الحمد اللہ دسمبر کے مہینے میں پاکستانی برآمدات 2.357ارب ڈالر رہیں۔ ان میں دسمبر 2019ءکی نسبت 364ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔“ مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ دسمبر کے مہینے میں اس سے قبل کبھی اتنی برآمدات نہیں ہوئیں اور یہ ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔