کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں آئل کی قیمتیں گر رہی ہیں وہیں ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج کاروبا ر کے دوران انٹربینک میں ڈالر 5 روپے 85 پیسے مہنگا ہوا اور اس وقت انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 167 روپے 47 پیسے ہے۔گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور رواں ہفتے انٹربینک میں ڈالر 8 روپے 45 پیسے مہنگا ہو چکا ہے۔ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث قرضے میں 700 ارب سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے ۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1102 پر جا پہنچی ہے جبکہ 8 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 21 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی لوٹ گئے ہیں ۔ کورونا وائرس کے باعث پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سندھ میں ہیں جہاں تعداد 417 تک جا پہنچی ہے ، پنجاب میں 323 ، بلوچستان میں 131 ، کے پی کے میں 121 ، گلگت بلتستان میں 84 ، اسلام آباد میں 25 اور آزادکشمیر میں ایک شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ۔