سکھوں کی عبادت گاہ پر مسلح افراد کا حملہ، سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ جاری


افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔ حملہ آوروں کے ساتھ خودکش بمبار ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ عمارت میں 200 سے زائد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق افغانستان کی پارلیمان کے ایک رکن نے بدھ کو بتایا ہے کہ کچھ نامعلوم مسلح افراد جن کے ہمراہ خودکش بمبار بھی موجود ہیں، نے کابل میں سکھوں کے ایک مذہبی کمپلیکس پر حملہ کیا ہے۔

افغانستان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور حملہ آوروں پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق افغان سیکیورٹی فورسز نے عمارت کی پہلی منزل کو کلیئر کرا لیا ہے لیکن عمارت میں کئی شہریوں کے موجود ہونے کی وجہ سے فورسز احتیاط سے کام لے رہی ہیں اور لوگوں کی جانیں بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد کیا ہے اور وہ کس جماعت یا تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں۔ نہ ہی اب تک یہ معلوم ہو سکا ہے کہ کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔ تاہم طالبان کے ترجمان نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں مذکورہ حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

افغانستان کی پارلیمان کے سکھ رکن نریندر سنگھ خالصہ نے کہا ہے کہ انہیں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اب تک چار حملہ آوروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جب کہ عمارت میں 200 کے زائد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین خودکش بمباروں نے دھرماشالہ میں داخل ہو کر ایسے وقت فائرنگ شروع کی جب وہاں عبادت گزاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں سے مقابلہ کر کے عمارت کو کلیئر کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب گزشتہ روز ہی امریکہ نے افغانستان کی امداد میں ایک ارب ڈالر کٹوتی کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان میں سکھ برادری کی تعداد بہت کم ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق لگ بھگ 300 سکھ خاندان افغانستان میں آباد ہیں۔ اس سے قبل 2018 میں بھی جلال آباد کے علاقے میں سکھ برادری پر ایک حملہ ہوا تھا جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ مذکورہ حملے میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔


خبر کا حوالہ

اس بارے میں admin

یہ بھی دیکھیں

کیا پاکستان ٹیم میں محمد عامر کی جگہ بنتی تھی؟

کراچی —  بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی کے مطابق انہوں نے اپنے کریئر میں محمد …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *