لندن سے لوٹنے کے بعد کنیکا کپور نے مسلسل لوگوں سے رابطہ قائم رکھا تھا اور انہوں نے اس دوران کچھ پارٹیوں میں بھی شرکت کی تھی ۔

کنیکا کپور ۔ تصویر : انسٹاگرام ۔
کورونا وائرس کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد اب بالی ووڈ سنگر کنیکا کپور کی مشکلات بڑھتی نظر آرہی ہیں ۔ کنیکا کپور کے پروٹوکول توڑنے کے معاملہ میں اب لکھنو پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ لکھنو کے ضلع مجسٹریٹ کے حکم کے بعد پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس میں ان کی گرفتاری بھی ہوسکتی ہے ۔
غور طلب ہے کہ لندن سے لوٹنے کے بعد کنیکا نے مسلسل لوگوں سے رابطہ قائم رکھا تھا اور انہوں نے اس دوران کچھ پارٹیوں میں بھی شرکت کی تھی ۔ ان پارٹیوں میں ملک کی کئی معزز شخصیات بھی موجود تھیں ، جس میں مرکزی وزیر اور ریاستی وزیر کے ساتھ ہی راجستھان کی سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے اور ان کے بیٹے بھی موجود تھے ۔
ادھر یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع افسر ابھیشیک پرکاش نے حکم دیا ہے کہ کینکا کپور کے گھر سے تین کلومیٹر کے علاقہ کو خالی کروا دیا جائے ، جس کے پیش نظر وکاس نگر ، خرم نگر اور علی گنج کے کچھ علاقوں کو خالی کروایا جارہا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے وزیر جے پرتاپ سنگھ نے کہا تھا کہ کنیکا کپور نے بیرون ملک سے آنے کے بعد پروٹوکول توڑا ہے ۔ وہ کسی کو مطلع کئے بغیر کئی مقامات پر گئیں ۔ ایسے میں ان کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی ۔
Source link