امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں گے


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بھی اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں گے۔ صدر ٹرمپ کچھ روز قبل ایک برازیلین عہدے دار کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے جن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ریاست فلوریڈا کے ایک نجی کلب میں برازیلین صدر کے پریس سیکریٹری فابیو وائنگارٹین کے ساتھ تصویر کھنچوائی تھی۔ فابیو وائنگارٹین میں بعد ازاں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

صدر ٹرمپ اس سے قبل متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کا خود کو قرنطینہ میں رکھنے کا ارادہ ہے۔ صدر ٹرمپ لوگوں سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز نہیں کر رہے تھے۔

البتہ جمعے کو وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہاں انہوں نے امریکہ میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ وہیں ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ یورپ سے آنے والے امریکیوں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ لیکن صدر ٹرمپ تصاویر میں ایک ایسے شخص کے ساتھ موجود تھے جن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ کیسے مختلف ہے؟

صدر ٹرمپ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کہیں باہر سے نہیں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ ایک تصویر لی اور میں صرف چند سیکنڈز کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا۔ مجھے نہیں معلوم وہ کون تھے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے برازیل کے صدر کے ساتھ وقت گزارا۔ ان کے بقول “میں ان کے ساتھ دو گھنٹے تک بیٹھا رہا تھا۔ لیکن ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جو بہت اچھا ہے۔”

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ محکمۂ صحت کے حکام ان افراد کو آئسولیشن میں رہنے کی ہدایات کر رہے ہیں جو کسی کرونا وائرس کے مریض سے ملے ہوں۔ ٹرمپ نے جواباً کہا کہ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹروں نے انہیں ایسی کوئی ہدایات نہیں دیں۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ “میں نے یہ نہیں کہا کہ میں اپنا ٹیسٹ کرانے نہیں جاؤں گا۔”

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ جائیں گے؟

امریکی صدر نے جواب دیا کہ ہو سکتا ہے کہ میں جاؤں اور شاید نہ بھی جاؤں۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میں اپنا ٹیسٹ کراؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم شیڈول ترتیب دے رہے ہیں اور میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ بہت جلد کراؤں گا۔


Source link

اس بارے میں admin

یہ بھی دیکھیں

یوم حق خودارادیت کشمیر پر 5جنوری کو کانفرنس ہوگی

ڈنمارک(پ ر) تحریک کشمیر یورپ ڈنمارک کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *