
آسٹریلیا نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کو ہرا کر پانچویں مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں 86 ہزار سے زائد تماشائیوں نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل دیکھا جس میں آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر بھارت کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔
فائنل میں ہوم ٹیم کی اوپنرز نے 115 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، ایلیسا کے 75 رنز کے علاوہ مونی نے 54 گیندوں پر 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 4 وکٹ پر 184 رنز تک پہنچایا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پوری بھارتی ویمن ٹیم 19 اعشاریہ 1 اوورز میں 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اس طرح آسٹریلیا نے 85 رنز کے بھاری مارجن سے ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے 39 گیندوں پر 75 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے والی ایلیسا ہیلی پلیئر آف دی فائنل قرار پائیں۔
بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں بھارتی بیٹنگ لائن پہلے ہی اوور میں لڑکھڑا گئی اور 18 رنز پر اس کے 3 وکٹ گر گئیں جبکہ 58 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔
آسٹریلیا میں کسی بھی ویمن ایونٹ کو دیکھنے کے لیے پہلی بار اسٹیدیم میں 86 ہزار 174 شائقین جمع ہوئے جو ایک ریکارڈ تعداد ہے۔