پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں جمعے کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز جب کہ دوسرا لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔
ملتان سلطانز اپنے ہوم گراؤنڈ میں دوسرا میچ کھیلنے جا رہی ہے۔ کراچی کنگز اور سلطانز کے درمیان ایونٹ کا دسواں میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہو گا۔
ایونٹ میں اب تک ملتان سلطانز تین اور کراچی کنگز کی ٹیم دو میچز کھیل چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا آج کھیلا جانے والا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔
لاہور قلندرز کا ایونٹ میں مایوس کن آغاز رہا اور اسے ابتدائی دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ قلندرز اپنا تیسرا میچ پشاور زلمی کے خلاف کھیلنے جا رہے ہیں۔
اسی طرح پشاور زلمی ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ کھیلے گی۔ زلمی کو دو میچز میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر زلمی دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جب کہ لاہور قلندرز کا کوئی پوائنٹ نہیں اور وہ آخری نمبر پر ہے۔