کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اُن کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

کوئٹہ کو بظاہر دیکھنے والا آسان ہدف اس وقت مشکل لگنے لگا جب اس کی ابتدائی تین وکٹیں 55 کے مجموعی اسکور پر گر چکی تھیں۔ تاہم گلیڈی ایٹرز نے ہدف 19ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے اعظم خان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کی اور صرف 30 گیندوں پر 46 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اُن کی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے بھی شامل تھے۔

کپتان سرفراز احمد نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن رائے 17، شین واٹسن 27، احمد شہزاد 11 اور محمد نواز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے بیٹنگ کی تو اوپننگ بلے باز بابر اعظم بڑا ٹوٹل نہ کرسکے اور وہ 26 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

ایک موقع پر بابر اعظم کے آؤٹ کی اپیل پر اس وقت تنازع کھڑا ہوا جب فاسٹ بالر نسیم شاہ نے بابر اعظم کے آؤٹ کی اپیل کی تو بعض تیکنیکی خرابی کی وجہ سے امپائر کے ناٹ آؤٹ کے فیصلے کو ہی برقرار رکھا گیا۔

کراچی کنگز کے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان بھی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ البتہ ہیلز نے 27 گیندوں پر سب سے زیادہ 29 رنز اسکور کیے۔

کیمرون ڈیلپورٹ 22 اور افتخار احمد نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسی طرح کپتان عماد وسیم بھی آٹھ کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ باقی کھلاڑی خاطر خواہ اسکور بھی نہ کرسکے اور پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سب سے کامیاب بالر محمد حسین رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ملز نے دو، سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا یہ چھٹا میچ تھا۔ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک اپنے دو میچز جیت چکی ہے جب کہ ایک میچ میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

​شائقین کرکٹ کو کراچی کنگز کے کھلاڑیوں خاص کر عماد وسیم، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد عامر اور کیمرون ڈیلپورٹ سے بہترین پرفارمنس کی توقع تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

تاہم کراچی کنگز بہترین رن ریٹ کے سبب پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست ہے جس نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست دی تھی۔​

کراچی نے پشاور کو جیتنے کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا جسے حاصل کرنے میں پشاور ناکام رہا تھا۔

ادھر کوئٹہ بھی اپنا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 3 وکٹوں سے جیت چکا ہے۔ دونوں نے پی ایس ایل کا افتتاحی میچ کھیلا تھا جس میں اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے اس نے آسانی سے حاصل کرلیا اور میچ 3 وکٹ سے جیت لیا۔

کوئٹہ کو شین واٹسن، جیسن رائے، بین کٹنگ، محمد حسنین، نسیم شاہ جیسے جیسے کامیاب کھلاڑی دستیاب ہیں۔

لاہور قلندرز نے ابھی تک صرف ایک میچ ملتان سلطان کے خلاف کھیلا ہے جس میں اسے پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس کا ایک بھی پوائنٹ نہیں ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا آج تیسرا میچ ہے۔ پہلے میچ میں اسے کوئٹہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ دوسرے میچ میں اس نے ملتان سلطانز کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل کا مجموعی جائزہ لیں تو سوائے لاہور کے باقی پانچوں ٹیمیں دو، دو پوائنٹس حاصل کر چکی ہیں۔

اس بارے میں admin

یہ بھی دیکھیں

ون ڈے رینکنگ، بابر ٹاپ 3 بلے بازوں میں شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ میں بلے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *